شامی صدر کا ٹرمپ سے رابطہ، معیشت کی بحالی، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

دمشق: (دنیا نیوز) شام کے صدر احمد الشرع اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔

شام کے صدارتی دفتر کے مطابق صدر احمد الشرع نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا جس میں شامی معیشت کی بحالی اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گفتگو کے دوران احمد الشرع نے اس بات پر زور دیا کہ شام پر عائد باقی ماندہ امریکی پابندیوں کا خاتمہ معیشت کی بحالی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے انتہائی ضروری ہے۔

امریکی موقف کے مطابق اگرچہ بیشتر پابندیاں ختم کی جا چکی ہیں تاہم کچھ پابندیاں اب بھی برقرار ہیں، امریکا نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ شام کو دہشت گردی کی معاون ریاست قرار دینے کی حیثیت پر نظرِ ثانی کر رہا ہے، جس کے تحت امریکی امداد، دفاعی برآمدات اور مالی لین دین پر پابندیاں عائد رہتی ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں