برطانیہ کا لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیاں فوری روکنے کا مطالبہ
لندن: (دنیا نیوز) برطانوی وزیر خارجہ نے لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوجی کارروائیوں نے سفارت کاری کے امکانات کو نقصان پہنچایا۔
برطانوی وزیر خارجہ ایویٹ کوپر نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا لبنان میں اسرائیل کی فوجی کشیدگی کے نتیجے میں عام شہری جاں بحق اور بے گھر ہوئے ہیں، بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا اور سفارت کاری کے امکانات محدود ہو گئے ہیں۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال ختم ہونی چاہئے، برطانوی وزیر خارجہ نے حزب اللہ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر حملے بند کرے اور ہتھیار ترک کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام فریقین کو جنگ بندی معاہدے کا احترام کرنا چاہئے اور نیک نیتی کے ساتھ مذاکراتی عمل میں شریک ہونا چاہئے تاکہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کی راہ ہموار ہو سکے۔
ایویٹ کوپر نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ بحران کا حل صرف سفارتی ذرائع اور سنجیدہ مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔