اسرائیل کے فضائی حملے، جنوبی لبنان کے عوام شدید مشکلات کا شکار، نقل مکانی پر مجبور
بیروت: (دنیا نیوز) جنوبی لبنان کے عوام اس وقت شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں خصوصاً ایسے حالات میں جب حملوں کا دائرہ نبطیہ اور صور جیسے بڑے شہروں تک پھیل چکا ہے۔
الجزیرہ ٹی وی کے مطابق صور بڑا شہر ہے جس کی آبادی اسی ہزار سے زائد افراد پر مشتمل ہے جبکہ نبطیہ میں بھی ہزاروں لوگ آباد ہیں۔
حملوں کے باعث ان شہروں کے مکین اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو رہے ہیں اور دریائے لیطانی کے شمال میں واقع محفوظ علاقوں کی جانب نقل مکانی کر رہے ہیں۔
موجودہ صورتحال نے ناصرف شہریوں پر ذاتی اور نفسیاتی دباؤ میں اضافہ کیا ہے بلکہ لبنانی حکومت کے لیے بھی سنگین چیلنجز پیدا کر دیئے ہیں کیونکہ حکومت اس وقت اتنی بڑی تعداد میں بے گھر ہونے والے افراد کی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔
لبنان کا بنیادی ڈھانچہ پہلے ہی ابتر حالت میں ہے، جس کے باعث موجودہ بحران مزید پیچیدہ ہو گیا ہے، لبنانی حکومت تنازع سے نکلنے کے لئے اسرائیل کے ساتھ مذاکرات بھی کر رہی ہے، جس سے حالات کی نزاکت اور بڑھ گئی ہے، عام شہریوں کے لئے صورتحال انتہائی دشوار اور خطرناک بنتی جا رہی ہے۔
لبنان کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اس تنازع کے آغاز سے اب تک 3,412 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔