قطر کا لبنان میں اسرائیلی حملے بند کرنے اور عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ
دوحہ: (دنیا نیوز) قطر نے لبنان پر اسرائیل کے حملوں اور جنوبی علاقوں میں زمینی فوجی کارروائیوں کے دائرہ کار میں توسیع کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
قطری وزارت خارجہ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر جاری اپنے بیان میں کہا لبنان کے خلاف اسرائیل کی مسلسل جارحیت، جنوبی علاقوں میں قابض فوج کی زمینی دراندازی میں توسیع اور شہری آبادی کو نشانہ بنانا نہایت تشویش ناک ہے۔
قطر ان اقدامات کو برادر لبنانی جمہوریہ کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی، خطرناک اشتعال انگیزی اور بین الاقوامی انسانی قانون کے اصولوں کی واضح پامالی تصور کرتا ہے۔
قطری وزارتِ خارجہ نے عالمی برادری سے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومتوں اور بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ وہ لبنان پر حملے بند کرے اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائے۔