ایرانی سمندر میں قائم تین پیداواری پلیٹ فارمز سے گیس کی پیداوار دوبارہ بحال

تہران: (دنیا نیوز) ایران نے جنوبی پارس گیس فیلڈ میں واقع سمندر میں قائم تین پیداواری پلیٹ فارمز سے گیس کی پیداوار دوبارہ بحال کر دی ہے۔

پارس تیل و گیس کمپنی کے سربراہ نے سرکاری ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ ان تنصیبات پر مارچ میں اسرائیل نے حملہ کیا تھا، حملوں کے دوران یہ تینوں پلیٹ فارمز کسی قسم کے نقصان سے محفوظ رہے تھے۔

ان پلیٹ فارمز سے حاصل ہونے والی گیس کو عارضی طور پر خطے میں موجود دیگر عمل کاری مراکز کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ متاثرہ تنصیبات کی مرمت کا کام بھی جاری ہے۔

مارچ کے وسط میں اسرائیلی فوج نے جنوبی پارس گیس میدان کو نشانہ بنایا تھا، جو دنیا کے سب سے بڑے قدرتی گیس ذخیرے کا حصہ سمجھا جاتا ہے۔

اس حملے کے بعد ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے خطے کے مختلف حصوں میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر میزائل اور بغیر پائلٹ طیاروں کے ذریعے حملے کئے تھے جس سے علاقائی کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں