اسرائیل کا جنوبی لبنان میں فضائی حملہ، 3 خواتین سمیت مزید 8 افراد جاں بحق
بیروت: (دنیا نیوز) جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے میں تین خواتین سمیت آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے۔
لبنان کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ جنوبی لبنان کے ضلع نبطیہ پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں آٹھ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جن میں تین خواتین بھی شامل ہیں، حملے میں انیس افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں پانچ بچے اور چھ خواتین شامل ہیں۔
زخمیوں کو قریبی طبی مراکز منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں علاج فراہم کیا جا رہا ہے، وزارتِ صحت نے اس حملے کو قتل عام قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی تشویش ناک ہے۔
یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب اسرائیل لبنان میں اپنی فضائی کارروائیوں اور زمینی فوجی آپریشنز میں شدت لا رہا ہے، جس کے باعث خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔