4 دن پرانی تقریر کسی چیز کو چھپانے کیلئے چلائی گئی:جنید اکبر
ن لیگ کا لیڈر یاسمین راشد سے ہار گیا، یہ کیا مذاکرات کرینگے :پی ٹی آئی رہنما اسلام آباد آئے تو گھر کا راستہ بھول جائینگے :عابد شیر’’دنیا مہربخاری کیساتھ‘‘ گفتگو
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر نے کہا ہے کہ انہوں نے سومنات کا حوالہ اس لیے دیا تھا کہ ہم بار بار اسلام آباد آئیں گے ، چاہے 15 یا 17 بار آنا پڑے ۔ ان کا مقصد یہ تھا کہ پہلے ہم ایک ہی روڈ سے اسلام آباد آئے تھے ، اس بار مختلف اطراف سے آئیں گے ۔ پروگرام ’’دنیا مہربخاری کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ریاست کو ماں سمجھتے ہیں، یہ توقع نہیں تھی کہ ریاست ہم پر گولیاں چلائے گی۔ ہم نے لاشیں اٹھائیں اور کئی ماہ صدمے میں رہے ۔ انہوں نے کہا میری جو تقریر چلائی گئی وہ 4 دن پرانی تھی، کسی اور چیز کو چھپانے کیلئے میری تقریر چلائی گئی، سب کو پتا ہے اسے کس نے چلایا۔ میں اپنی تقریر کے ایک ایک لفظ کی ذمہ داری لیتا ہوں۔جنید اکبر نے کہا مذاکرات ان سے کیے جاتے ہیں جن کے پاس اختیار ہو، حکومت کے پاس کوئی اختیار نہیں۔ مسلم لیگ (ن) کا لیڈر ڈاکٹر یاسمین راشد سے ہار گیا تھا، یہ ہمارے ساتھ کیا مذاکرات کرینگے ۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی نے کہا ہم نے فیض آباد دھرنے میں ان کو دیکھا، جب یہ طاہر القادری کے ساتھ دھرنے میں بیٹھے تھے تو ان کی آئین شکنی بھی دیکھی۔ انہوں نے کہا اگر یہ اسلام آباد آئے تو سومنات بنانا دور کی بات، یہ لوگ اپنے گھر کا راستہ بھی بھول جائیں گے ۔ بات چیت کرنا چاہتے ہیں تو پارلیمان کا فورم موجود ہے ، اگر بدمعاشی اور طاقت سے ریاست کو فتح کرنے کا خواب ہے تو ہم اسے چکنا چور کردیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments