ملک کا سسٹم ری سیٹ ہونے والا ہے :محسن نقوی

ملک کا سسٹم ری سیٹ ہونے والا ہے :محسن نقوی

تاجر،عوام تعاون کریں ،سسٹم ری سیٹ ہوگا تو چیزیں بہت بہتر ہو جائیں گی ایران ہر چیز بنا سکتا ہے تو پاکستان یہ کیوں نہیں کر سکتا؟ لاہور چیمبر میں خطاب

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے،مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بہتری اور مسائل کے حل کا راستہ برآمدات میں اضافے سے نکلتا ہے ، ہمیں ایکسپورٹ بڑھانے کا جامع پلان بنانا ہوگا۔وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ملک کا سسٹم ری سیٹ ہونے والا ہے ، تاہم اس عمل کیلئے تاجروں اور عوام کا تعاون ضروری ہے ، جب سسٹم ری سیٹ ہوگا تو چیزیں بہت بہتر ہو جائیں گی،لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نومنتخب ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گوہر اعجاز نے جو باتیں کی ہیں ان کا حل یہی ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے ملکی برآمدات بڑھائی جائیں ،وہ خود حکومت میں رہ کر دیکھ چکے ہیں کہ اہداف حاصل کرنا پڑتے ہیں،محسن نقوی نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ تین چار ماہ کے دوران ایران کے متعدد دورے کئے ، ایران کے بارے میں پہلے سمجھا جاتا تھا کہ وہ تباہ حال ہوگا، تاہم وہاں سے واپس آنے والے لوگ حیران ہوئے۔

ایران میں کنسٹرکشن، آٹو انڈسٹری سمیت مختلف شعبوں میں مصنوعات ملک کے اندر تیار کی جا رہی ہیں، وزیر داخلہ نے سوال اٹھایا کہ اگر ایران اپنے ملک میں ہر چیز بنا سکتا ہے تو پاکستان ایسا کیوں نہیں کر سکتا؟ ہمیں دوسرے ممالک سے سیکھنا چاہیے ، ہم بھی میڈ ان پاکستان پر چلے جائیں تو مسئلہ حل ہوجائے گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ وہ لاہور چیمبر کے تمام مسائل حل کرنے کیلئے تیار ہیں اور جہاں بھی ان کی ضرورت ہوگی وہ 24 گھنٹے حاضر ہوں گے ، انہوں نے بتایا کہ ایسا بزنس پاسپورٹ لائیں گے جس سے ویزا کا کوئی مسئلہ نہیں رہے گا، حکومت گزشتہ چند ماہ سے بزنس پاسپورٹ پر کام کر رہی ہے ، امید ہے کہ بزنس پاسپورٹ کا منصوبہ وزیراعظم کے سامنے پیش کیا جائے گا اور تاجروں کو اس حوالے سے مشکلات کا سامنا نہیں ہوگا۔قبل ازیں سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے خطاب کرتے ہوئے کہا پورے پاکستان کی ایکسپورٹ 16سال بعد بھی وہیں ہے ،اگر ہم پیسے کمائیں تو ہمارا فرض ہے ہم ٹیکس ادا کریں،ہمارا ملک ایکسپورٹ کے بغیر اپنا خرچ کیسے چلا سکتا ہے ۔لاہور چیمبر کے نومنتخب عہدیداروں کے اعزاز میں عشائیہ تقریب میں ایس ایم تنویر، صدر لاہور چیمبر علی حسام اصغر،چیئرمین وژن الائنس میاں مصباح الرحمان، ناصر حمید نے بھی شرکت کی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...