کمپنیاں ای ایس جی سے آگاہ،عملدرآمد میں بڑا خلا :شیری رحمان
سٹاک مارکیٹ کی 537کمپنیاں بہت کم ماحولیاتی معلومات فراہم کر رہیں صرف 11 فیصد کاروباری ادارے پائیداری رپورٹس جاری کر رہے :خطاب
اسلام آباد(دنیا نیوز)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی، سماجی اور انتظامی امور پر بات صرف ماحولیات تک محدود نہیں بلکہ سیاست اور قانون کو بھی ساتھ دیکھنا ہوگا، پاکستان میں ای ایس جی سے متعلق آگاہی موجود ہے لیکن عمل درآمد میں بڑاخلا ہے ۔پاکستان ایس جی پالیسی رپورٹ لانچنگ سے خطاب کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کی تقریباً 537 کمپنیوں میں سے بہت کم کمپنیاں قابلِ اعتماد ماحولیاتی معلومات فراہم کر رہی ہیں، صرف 18 فیصد کمپنیوں کے بورڈز میں ای ایس جی امور سے متعلق تربیت یافتہ ڈائریکٹر موجود ہیں جبکہ صرف 11 فیصد کاروباری ادارے پائیداری رپورٹس جاری کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ پائیداری رپورٹس میں صرف اعداد و شمار نہیں بلکہ زمینی حقیقت سامنے آنی چاہئے اور ان کی آزادانہ تصدیق و نگرانی کا مؤثر نظام ہونا چاہئے ،شیری رحمان نے کہا کہ تمام لسٹڈ کمپنیوں کے لیے ماحولیاتی، سماجی اور انتظامی امور کی رپورٹنگ لازمی بنانے کا مرحلہ وار نظام متعارف کرایا گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی قوانین کی پابندی صرف کاغذی کارروائی رہی تو زمینی سطح پر حقیقی تبدیلی نہیں آئے گی، پاکستان نے آلودگی کے باعث اپنے لیے نیا ماحولیاتی بحران پیدا کر لیا ہے ، لاہور کئی بار دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں سرفہرست رہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments