گورنر راج کا دو ماہ بعدبھی جائزہ لیا جا سکتاہے :خواجہ آصف

 گورنر راج کا دو ماہ بعدبھی  جائزہ لیا جا سکتاہے :خواجہ آصف

اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے، نامہ نگار،دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں فی الحال 6 مہینے کیلئے گورنر راج لگایا گیا، اس کے بعد 2، 3 یا 6 ماہ کے لیے دوبارہ غور کیا جاسکتا ہے۔۔۔

گورنر راج نفاذ کے تیسرے روز صوبے میں وفاقی اقدامات کے خلاف بدامنی، احتجاج یا جلسے جلوسوں کے آثار دکھائی نہیں دئیے ، ان اقدامات پر ردعمل زیادہ تر قانونی اور آئینی بحث تک محدود ہے ، جنہوں نے پختونخوا میں لوٹ مار مچائی ہوئی تھی وہ غائب ہوگئے ،صرف ایک شخص پکڑا گیا ہے ۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ گورنر راج کے نفاذ کے چھ ماہ بعد صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا تاہم یہ جائزہ دو ماہ بعد بھی ممکن ہے ، انہوں نے دعویٰ کیا کہ صوبے میں وفاقی اقدامات کے خلاف زمینی سطح پر کوئی نمایاں ردعمل سامنے نہیں آیا، وفاقی اقدامات پر فی الحال قانونی و آئینی بحث جاری ہے۔

انہوں نے سیاسی مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ سیاست میں بات چیت کے دروازے کبھی مکمل طور پر بند نہیں ہوتے اور مذاکرات کی گنجائش ہمیشہ موجود رہتی ہے ، حکومت نے اپوزیشن کو مذاکرات کا پورا وقت دیا لیکن حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے والے افراد وزیر اعلیٰ پختونخوا سے ہدایات لیتے تھے جبکہ وزیر اعلیٰ خود ایسے شخص سے ہدایات لیتے تھے جو افغانستان بیٹھا ہے ۔خواجہ آصف نے کہا کہ پارلیمنٹ میں تفصیلی بحث ہوئی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کو اپنا مؤقف پیش کرنے اور دل کی بھڑاس نکالنے کا پورا موقع دیا گیا ،محمود خان اچکزئی سے دیرینہ تعلقات اورپرانے روابط ہیں اور وہ پرانی سیاست کی پیداوار ہیں، سیاسی اختلافات کے باوجود تعلقات ختم نہیں کیے جاتے اور ناطے نہیں توڑے جاتے ۔ وزیر دفاع نے طنزیہ انداز میں کہا کہ افغانستان میں بہت اچھی حکومت ہے اور افغان مہاجرین وہاں جا کر رہ سکتے ہیں، افغان مہاجرین وہاں دودھ اور شہد کی نہروں سے فائدہ اٹھائیں۔پختونخوا کی سابقہ حکمرانی پر تنقید کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اگر تیرہ سال تک کرپشن ہوتی رہی ہو تو اس کے نتائج ایسے ہی نکلتے ہیں کہ چھتیں گرنے لگتی ہیں ، پختونخوا کے ان حکمرانوں کے بس میں ہوتا تو پورے صوبے کی چھتیں گر جاتیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...