دماغ پر فالج کے اثرات روکنے والے مکڑی کے زہر کی دریافت
آسٹریلوی ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ جزیرہ فریزر پر فنل ویب نامی مکڑی ایک ایسا مادہ خارج کرتی ہیں
سڈنی (اے پی پی) جس میں شامل عنصر دماغ پر فالج کے اثرات کو روکنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق فریزر جزیرے کی فنل ویب نامی مکڑی اتنی زہریلی ہے کہ اس کے کاٹنے سے پندرہ منٹ کے اندر موت واقع ہو سکتی ہے ۔ لیکن اس کا زہر ایک ایسی دوا کی تیاری میں استعمال ہو سکتا ہے جس سے سٹروک کے باعث ہونے والے دماغی نقصان کو روکا جا سکتا ہے ۔ سائنسدان کہتے ہیں کہ اس زہریلے مادے سے دماغ میں ایک ایسے راستے کو بند کیا جا سکتا ہے جو سٹروک کے بعد موت کے امکانات کو بڑی حد تک بڑھا دیتا ہے ۔آسٹریلیا کی یونیورسٹی آف کوئینز لینڈ کی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ پروفیسر گلین کے مطابق مکڑی کے زہر سے تیار کی جانے والی دوا فوری طور پر پیرا میڈکس عملہ بھی دے سکتا ہے جس سے سٹروک کے بعد مریض مزید دماغی نقصان سے بچ سکتا ہے ۔ پروفیسر گلین کہتے ہیں کہ سٹروک کے بعد عصبی خلیے مرنے لگتے ہیں تاہم اس زہر سے عصبی خلیے بھی نہیں مرتے ، یہ مکڑیاں کوئینز لینڈ ہی میں پائی جاتی ہیں اور یہ جھاڑیوں میں ریت اور زمین کے نیچے رہتی ہیں۔