مونگ پھلی کی پیداواری صلاحیت 40 من فی ایکڑ ہے : محکمہ زراعت
پھلیوں کے چھلکے کا اندرونی حصہ گہرے بھورے رنگ کا اور گری کا رنگ گلابی ہو تو فصل برداشت کے لئے تیار ہے
لاہور (سٹاف رپورٹر) مونگ پھلی بارانی علاقے کی اہم نقد آور اور خطہ پوٹھوہار میں موسم خریف کی سب سے زیادہ آمدنی دینے والی فصل ہے ۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق صوبہ میں مونگ پھلی کی اوسط پیداوار 9 تا 10من فی ایکڑ ہے جبکہ اس کی منظور شدہ اقسام کی پیداواری صلاحیت 40 من فی ایکڑ ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ جب فصل کے پتے خشک ہو کر گرنا شروع ہو جائیں تو کھیت کے مختلف حصوں سے پودے اکھاڑ کر دیکھ لیں۔ اگر پھلیوں کے چھلکے کا اندرونی حصہ گہرے بھورے رنگ کا اور گری کا رنگ گلابی ہو تو فصل برداشت کے لئے تیار ہے ۔تاخیر سے برداشت کے نتیجے میں پھلیوں کا رنگ سیاہ ہو جاتا ہے جس سے معیار متاثر ہوتا ہے اور منڈی میں کم قیمت ملتی ہے ۔ اس کے علاوہ زیادہ تعداد میں پھلیاں زمین میں رہ جاتی ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ مونگ پھلی کی برداشت اگر ٹریکٹر ڈگر کی مدد سے کی جائے تو فصل ضائع نہیں ہو تی اور پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے ۔ اگر ٹریکٹر ڈگر دستیاب نہ ہو تو کسَی یا کسولہ کی مدد سے پودوں کو اکھاڑ لیا جائے اور پھر ان پودوں سے پھلیاں الگ کر لیں۔