آن لائن کاروبار کی بدولت خواتین سمیت سیکٹروں افراد کو روزگار ملا : فائزہ یوسف

آن لائن کاروبار کی بدولت خواتین سمیت سیکٹروں افراد کو روزگار ملا : فائزہ یوسف

خریداری کے انداز بدل رہے ہیں ،گھر بیٹھے کھانے پینے کی اشیا منگوائی جاسکتی ہیں ،الیکٹرانک مصنوعات سمیت گھریلو سامان کو خریدنا آسان ہوگیا ملک میں آن لائن خرید وفروخت کا رجحان تیزی سے فروغ پارہا ہے ،رہنمائی و مشاورت کے ادارے اس کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں

خواتین کیلئے آن لائن کاروبار میں بہت گنجائش ہے ،ہمارا ادارہ بزنس ویمن کی موثر رہنمائی کررہا ہے ،آؤٹا باکس کی چیف کنسلٹنٹ کی گفتگو کراچی(انٹر ویو:مظہر علی رضا/تصاویر:عمران علی)دنیا جیسے جیسے ترقی اور جدت کی جانب گامزن ہورہی ہے ویسے ویسے کھانے پینے کے ساتھ ساتھ خریداری کے ڈھنگ بھی تبدیل ہوتے جارہے ہیں،ماضی کے برعکس اب آپ گھر بیٹھے کھانے پینے کی اشیا آرڈر کرسکتے ہیں جبکہ ملبوسات سمیت گھریلو ضروریات اور الیکٹرانک کی مصنوعات بھی اب صرف ایک کلک کے فاصلے پر ہیں۔آن لائن کاروبار کے رجحان نے جہاں خریداروں کو سہولت فراہم کی ہے ،وہیں آن لائن کاروبار کی وجہ سے سیکڑوں لوگوں کا روزگار بھی وابستہ ہوگیا ہے اور اس میں خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی شامل ہے ۔آن لائن کاروبار کے بڑھتے ہوئے رجحان کے باعث اس میں مشاورت اور رہنمائی بھی اہمیت اختیار کرگئی ہے اور اس حوالے سے متعدد ادارے بھی معرض وجود میں آگئے ہیں اور آؤٹا باکس (outtabox) انہی اداروں میں سے ایک ہے ۔آؤٹا باکس کی چیف کنسلٹنٹ فائزہ یوسف ہیں جبکہ ارسلان علی ٹریننگ کنسلٹنٹ اور عدیل منان ٹیکنالوجی کنسلٹنٹ کی حیثیت سے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔فائزہ یوسف کے مطابق آؤٹ اے باکس ایک ٹریننگ اور کنسلٹنسی کمپنی ہے جو کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق تربیت فراہم کرتی ہے ۔فائزہ یوسف نے بتایا کہ آؤٹاے باکس کا قیام2012میں ہوا تھا اور یہ کمپنی کنسلٹنسی کی خدمات آن لائن فراہم کرتی ہے کیونکہ کنسلٹنسی کے زیادہ تر کسٹمرز بیرون ملک سے ہیں جبکہ آئی ٹی سے متعلق ٹریننگ کراچی کے معروف تعلیمی ادارے آئی بی اے کے سینٹر فار انٹر پرینیور ڈپارٹمنٹ میں دی جاتی ہے جس میں سافٹ ویئر اور دیگر کورسز کرائے جاتے ہیں۔فائزہ یوسف نے بتایا کہ 2012میں آؤٹ اے باکس کے قیام کے باوجو د تربیتی سیشن کا آغاز2013سے کیا گیا اور اب تک طلباکے 15بیجز یہاں سے تربیت حاصل کرچکے ہیں جبکہ ایک بیج10تا15طلبا پر مشتمل ہوتا ہے ۔فائزہ یوسف نے اپنی کمپنی کے قیام کے سلسلے میں اوپن کراچی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اوپن کراچی انٹر پرینیور اور خاص طور پر کاروباری خواتین کی حوصلہ افزائی کیلئے نہایت اہم کردار ادا کررہا ہے ۔آن لائن کنسلٹنسی سے متعلق انہوں نے بتایا کہ پراڈکٹ کوالٹی اور پراڈکٹ مینجمنٹ میں کسٹمرز کو آن لائن کنسلٹنسی فراہم کی جاتی ہے اور اس کا فیڈ بیک نہایت عمدہ ہے ۔فائزہ یوسف نے بتایا کہ آؤٹ اے باکس کاروباری خواتین کیلئے بزنس فوکسڈ رہنمائی اور مشاور ت فراہم کررہا ہے ،ہم کاروباری خواتین کو بتاتے ہیں کہ وہ کیسے اپنے کاروبار کو ڈیجیٹل یا آن لائن سطح پر لے جاسکتی ہیں،ان کا کہنا تھا کہ بوتیک،بیوٹیشن،ہینڈی کرافٹس اور اس جیسے دیگر شعبوں میں خواتین آن لائن رابطوں کے ذریعے اپنے کاروبار کو وسیع کرسکتی ہیں اور ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔فائزہ یوسف کا کہنا تھا کہ آنے والا دور آن لائن کاروبار کا ہے ،پاکستان میں آن لائن خرید و فروخت کا رجحان تیزی سے فروغ پارہا ہے ،اگر ہمارے ہاں پلاسٹک منی(کریڈٹ کارڈز)کا رجحان بڑھ جائے تو یہ آن لائن معیشت کیلئے نہایت سود مند ثابت ہوگا،خواتین کیلئے کاروبار کے حوالے سے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے کردار سے متعلق فائزہ یوسف کا کہنا تھا کہ حکومت کو ویمن انٹر پرینیور کیلئے سرمائے کی فراہمی کو بروقت اور یقینی بنانا چاہیے کیونکہ خواتین میں قرضوں کی واپسی کی شرح نہایت بلند ہے اور خواتین کو با اختیار بنانے سے معاشرے میں مثبت تبدیلی رونما ہوسکتی ہے ،نجی شعبے کے کردار کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نجی شعبہ اس ضمن میں اپنا کردار ادا کررہا ہے ،اوپن کراچی،آئی بی اے اور اس جیسے دیگر ادارے ویمن انٹر پرینیور کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں ۔خواتین میں کاروبار کے رجحان کے حوالے سے فائزہ یوسف کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں پہلے آگاہی،حوصلہ افزائی اور پھر سرمائے کی ضرورت ہوتی ہے ،پاکستان میں خواتین میں کاروبار کرنے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے ،شہروں میں خواتین کی بڑی تعداد بوتیک،بیوٹیشن اور ہینڈی کرافٹس کے کاروبار سے وابستہ ہیں اور اب یہی کاروبار آن لائن پر منتقل ہورہے ہیں جبکہ دیہی علاقوں میں بھی خواتین کاروبار کی جانب راغب ہورہی ہیں ،تاہم وہاں فی الوقت آن لائن کاروبار کا رجحان پروان نہیں چڑھ سکا ہے ۔فائزہ یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد ہے اور ملک میں آئی ٹی کی صنعت بھی تیزی سے فروغ پارہی ہے اس لیے امید کی جاسکتی ہے کہ پاکستان میں آن لائن کاروبار کا مستقبل تابناک ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں