حکومت کو ریٹیلرز کی رجسٹریشن میں ناکامی کا سامنا

حکومت کو ریٹیلرز کی رجسٹریشن میں ناکامی کا سامنا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ایف بی آر کی جانب سے ریٹیلرز کو رجسٹریشن کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے میں صرف 2 ہفتے باقی رہ گئے ہیں، لیکن ابھی تک 50 سے بھی کم ریٹیلرز نے خود کو رضاکارانہ طور پر رجسٹر کرایا ہے۔۔۔

 جس سے حکومت کو ریٹیلرز کی رجسٹریشن کے لیے درپیش چیلنجز کا اندازہ کیا جا سکتا ہے ۔ایف بی آر کے ذرائع نے اس حوالے سے بتایا کہ مہم کے 2 ہفتوں کے دوران 50 سے بھی کم تاجروں نے خود کو رجسٹر کرایا ہے ۔واضح رہے کہ تاجروں کی رجسٹریشن اسکیم کو شہباز شریف حکومت کے سیاسی عزم کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے ، جس میں ریئل اسٹیٹ، ہول سیلرز اور ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانا شامل ہے ۔ تاہم، اس میں ناکامی کا ملبہ تنخواہ دار طبقے پر گرے گا، جو پہلے ہی ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے ۔اس کے علاوہ، ایکسپورٹرز پر عائد ایک فیصد انکم ٹیکس کو ختم کرکے ان کو بھی دیگر معاشی طبقات کے برابر لانے کی ضرورت ہے ۔یاد رہے کہ ایف بی آر نے یکم اپریل سے رجسٹریشن اسکیم کا آغاز کر رکھا ہے جس میں ڈیلرز، ریٹیلرز، مینوفیکچرر کم ریٹیلرز، امپورٹر کم ریٹیلرز اور سپلائی چین میں کسی بھی نوعیت سے شریک ہر فرد کو رجسٹر کیا جائے گا، اسکیم کا نفاذ ابتدائی طور پر ملک کے معاشی حب کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ اور پشاور میں کیا جا رہا ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں