اسٹاک مارکیٹ میں مثبت کاروبار، ڈالر مہنگا، سونا سستا

اسٹاک مارکیٹ میں مثبت کاروبار، ڈالر مہنگا، سونا سستا

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھا گیا۔سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے سے پاکستان اسٹاک مارکیٹ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔

منگل کوکاروبار کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھنے میں آئی،تاہم 100 انڈیکس 74 پوائنٹس کمی کے ساتھ 71 ہزار 359 پوائنٹس پر بند ہوا۔یاد رہے کہ پیرکو کاروباری دن کے اختتام تک اسٹاک مارکیٹ میں 523 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس 71 ہزار 433 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔ دوسری جانب تبادلہ مارکیٹ میں پاکستانی روپیہ کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کا رجحان بھی برقرار ہے۔ کرنسی ڈیلرز کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قدرمیں 17 پیسے کا اضافہ ہوا جس سے ڈالر 278 روپے 50 پیسے کا ہوگیا۔ کاروبار کے آغاز پر انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 8 پیسے کی کمی دیکھی گئی تاہم طلب میں اضافے کے باعث ڈالر کی قدر میں دوبارہ اضافہ ہوا۔ادہرمنگل کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 7800 روپے کی کمی ہوئی۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 40 ہزار 900 روپے ہو گئی ہے۔ 10 گرام سونا 6687 روپے سستا ہو کر 2 لاکھ 6 ہزار 533 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت 72 ڈالر کم ہو کر 2289 ڈالر فی اونس ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں