تین سالہ اقتصادی پالیسی بنانے کے اعلان کا خیرمقدم، صنعتکار

تین سالہ اقتصادی پالیسی بنانے کے اعلان کا خیرمقدم، صنعتکار

کراچی(آئی این پی)کراچی کے صنعتکاروں نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی جانب سے پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے تین سالہ اقتصادی پالیسی بنانے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔

کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر جوہر قندھاری نے کہا کہ کاروباری برادری نے طویل عرصے سے ملک میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ایک جامع اقتصادی حکمت عملی کی تشکیل کی وکالت کی تھی۔انہوں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات لانے ، ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور پاکستان کو تیز رفتار ترقی کی طرف گامزن کرنے کے لیے صنعتی ترقی کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقت کو بڑھانے کے لیے پیداواری لاگت کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرکے موجودہ ٹیکس دہندگان پر ٹیکس کا بوجھ کم کیا جائے ۔ صدر نے پاکستان میں اب تک کی بلند ترین شرح سود کے منفی اثرات پر روشنی ڈالی اور اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کو تحریک دینے کے لیے شرحوں کو کم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔جوہر نے امید ظاہر کی کہ وزیر خزانہ ایک ایسا بجٹ پیش کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشورہ کریں گے جو صنعت کے خدشات کو دور کرے اور پاکستان کو معاشی بحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کرے ۔ انہوں نے حکومتی اقدامات کی حمایت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جس کا مقصد کاروبار کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینا اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھانا ہے ۔فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کے معاون خصوصی شیخ عمر ریحان نے بھی وزیر خزانہ کے اعلان کو سراہا۔ انہوں نے ایک جامع 10 سالہ پالیسی بنانے پر زور دیا جس کا مقصد پام آئل سمیت خوردنی تیل کی مقامی پیداوار کو بڑھانا ہے ۔انہوں نے آنے والے برسوں میں خوردنی تیل کی اشیا کے درآمدی بل کے متوقع طور پر دگنا ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اس طرح کے رجحان سے زرمبادلہ کے ذخائر میں تناؤ اور معاشی دباؤ بڑھ سکتا ہے ۔ریحان نے نشاندہی کی کہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں کھجور، سرسوں اور سورج مکھی کی کاشت کے لیے سازگار حالات ہیں، حکومت کی جانب سے کیے گئے کامیاب تجربات کے امید افزا نتائج برآمد ہوئے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں