جی ایس پی پلس کا نیا ضابطہ جلد نافذ العمل ہوگا،سفیربلجیم

 جی ایس پی پلس کا نیا ضابطہ جلد نافذ العمل ہوگا،سفیربلجیم

کراچی(اے پی پی)بلجیم کے سفیر چارلس ڈیلوگن نے کہا ہے کہ اگرچہ یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس کو مزید چار سال کیلئے 2027 تک بڑھا دیا گیا ہے۔

 لیکن جی ایس پی پلس کا نیا ضابطہ بہت جلد نافذ العمل ہو جائے گا لہذا پاکستان کی تاجر برادری کو اس حقیقت سے آگاہ کرنا چاہیے کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کے تحت نئے ضابطے پر عمل درآمد کرنا ہو گا۔ جی ایس پی پلس ان ممالک کے ساتھ یورپی یونین کے دستخط کردہ معاہدے سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے جن کو انسانی حقوق، مزدوروں کے حقوق اور ماحولیات سمیت متعدد مسائل پر ہم خیال سمجھا جاتا ہے جو کہ پاکستان جیسے ملک کے لیے انتہائی اہم ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی نتائج کو بری طرح برداشت کر رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبرکے الوداعی دورے کے موقع پر کیا۔سفیر نے کہا کہ پاکستان جی ایس پی پلس معاہدے کا بہتر استعمال کر رہا ہے جس سے یورپی یونین پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار بن گیا ہے ۔2023 وہ سال تھا جب بلجیم اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تجارت متوازن رہی جو کہ خوش آئند ہے کیونکہ بلجیم پاکستان کو درپیش ادائیگیوں کے بحران میں حصہ نہیں ڈال رہا۔قبل ازیں کے سی سی آئی کے صدر افتخار احمد شیخ نے بلجیم کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جی ایس پی پلس کے مکمل نفاذ کے لیے پرعزم ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں