گیس بحران کے باوجود گیزرز کی فروخت میں اضافہ ریکارڈ

 گیس بحران کے باوجود گیزرز کی فروخت میں اضافہ ریکارڈ

فیصل آباد (آئی این پی)موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی گیس کی قلت کے باوجود گیس گیزرز کی فروخت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔

جبکہ دوسری جانب مقامی سطح پر غیر معیاری گیس گیزرز کی تیاری بھی جاری ہے مگر مقامی سطح پر جگہ جگہ تیار ہونیوالے ان گیس گیزرزکی چیکنگ کیلئے کوئی اقدامات نہ کئے جارہے ہیں جس کے باعث کسی بھی وقت کسی بھی جگہ ناخوشگوار واقعات کا احتمال بڑھتا جارہاہے ۔تفصیلات کے مطابق معلوم ہواہے کہ موسم سرما کے آغازکے ساتھ ہی شہریوں نے گرم پانی کے حصول کیلئے گیس گیزرز کی تنصیب شروع کر دی ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں گیس گیزرز کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، نیز بازار میں 25گیلن سے لیکر 50گیلن تک کاگیزر 55 ہزارروپے سے لے کر 85ہزار روپے تک فروخت کیاجارہاہے ۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ فیصل آباد میں نڑ والا روڈ، ریگل روڈ، صادق مارکیٹ، ریلوے روڈ سمیت دیگر علاقوں میں مقامی سطح پر گیس گیزرز کی تیاری اور مرمت کا سلسلہ بھی عروج پر پہنچ گیاہے جن میں غیر معیاری میٹریل استعمال کیاجارہاہے جو کسی بھی وقت کسی حادثہ کاموجب بن سکتاہے ۔مزید برآں شہریوں نے خراب گیس گیزرز کی مرمت کیلئے بھی اقدامات شروع کردیئے ہیں اور انہیں کاریگروں کی بھاری مزدوریاں اداکرناپڑرہی ہیں۔ صارفین کاکہناہے کہ کوئی چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے پردکاندار اور کاروباری و تجارتی لوگ شہریوں سے منہ مانگے دام وصول کررہے ہیں۔  

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں