صنعتی یونٹس کا حجم چھوٹاہونے سے مشکلات بڑھی،عاطف شیخ
کرا چی(بزنس رپورٹر)ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے بتایا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل ایکسپلو سیوز عبدالعلی خان نے۔
ایف پی سی سی آئی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور کیمیکل امپورٹرز، ٹریڈرزٍ، صنعتکاروں اورٹریڈ باڈیز کے نمائندوں سے ملاقات کی۔انہو ں نے مزید کہا کہ ہمیں پچھلے کئی مہینوں سے درآمد کنندگان کی طرف سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ پیٹرولیم ایکٹ 1934 میں 5 اگست 2023 کو کی گئی ترمیم کے بعد پیٹرو کیمیکلز کی درجہ بندی سے متعلق کیمیکلز کے قابل اطلاق زمرے میں کلا س A، B اور C متعارف کرائے جانے کے بعد اس میں بے شمار بے ضابطگیاں، تضادات اور غلط فہمیاں پیدا ہوئی ہیں۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے وضاحت کی کہ دنیا میں ہزاروں صنعتی کیمیکلز موجود ہیں جوکہ صنعتی خام مال کے طور پر استعمال ہوتے ہیں اور تمام کیمیکلز کو آتش گیر پٹرولیم مصنوعات کی طرح ہینڈل کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی ہے ۔ مزید برآں اس ترمیم کے بعد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے انفرااسٹرکچرکی کمی اور ان کے صنعتی یو نٹس کے حجم کے چھوٹا ہونے کی وجہ سے مشکلات میں اضافہ ہو گیا۔سنیئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی ثاقب فیاض مگوں نے زور دیا کہ پیٹرو کیمیکلز کی لائسنسنگ، اسٹوریج اور ٹرانسپورٹیشن میں غیر ضروری اور پیچیدہ شرائط کی وجہ سے صنعتی خام مال کے طور پر استعمال ہونے والے کیمیکلز کی بڑھتی ہوئی کمی تشویشناک ہے۔