اسٹاک ایکسچینج،نیاریکارڈ،1لاکھ 16ہزارکی حدعبور

اسٹاک ایکسچینج،نیاریکارڈ،1لاکھ 16ہزارکی حدعبور

کراچی (بزنس رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ بننے کا سلسلہ جاری ہے ، پیر کو زبردست تیزی کی بدولت کے ایس ای 100 انڈیکس تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ 16 ہزار کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔

مارکیٹ کی مالیت 224ارب روپے بڑھ کر 14811 ارب روپے ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا ،کاروباری سیشن کے دوران ایک موقع پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 116,681  پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بھی دیکھا گیا تھا۔ ماہرین کے مطابق مثبت معاشی اعشاریوں اور شرح سود میں کمی کی توقعات پر تیزی کا تسلسل جاری رہا ،توقعات کے مطابق مرکزی بینک نے کلیدی پالیسی ریٹ میں 200 بیسس پوائنٹس کی کمی کی اور اسے 13 فیصد تک لے گیا، جو جون 2024 کے بعد سے لگاتار پانچویں کٹوتی ہے جب شرح 22 فیصد تھی۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1867پوائنٹس کے اضافے سے 116169 پوائنٹس پر بند ہوا،سی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 853پوائنٹس کے اضافے سے 36658پر بندہوا،اسی طرح آل شیئرز انڈیکس 1111 پوائنٹس بڑھ کر 73473 پر بندہوا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر  1ارب 47 کروڑ حصص کے سودے 66 ارب 62 کروڑ روپے میں طے پائے ۔مجموعی طور پر 477 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 246 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،194میں کمی اور37میں استحکام رہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں