ٹڈاپ کی وزارت تجارت کے تحت اعلیٰ سطح اجلاس کی میزبانی
کراچی(بزنس ڈیسک)ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ)نے وزارت تجارت کے تحت ملائیشیا کے ساتھ زرعی اور خوراک کی مصنوعات کی دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کی کوششوں کے حصے کے طور پر ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی میزبانی کی۔
9 رکنی ملائیشین وفد کی قیادت ڈاٹو سید ابو حسن نے کی، اجلاس کی صدارت ٹڈاپ کے چیف ایگزیکٹو زبیر موتی والا اور سیکریٹری ٹڈاپ شیریار تاج نے کی، اجلاس میں خاص طور پر چاول، گوشت، پھل، سبزیاں اور فشریز کی ملائیشیا کو برآمد مزید بڑھانے پر توجہ دی گئی۔ ڈاٹو سید ابو حسن نے اس بات پر زور دیا کہ ملائیشین حکومت وزیر اعظم انور ابراہیم کی ہدایت پر پاکستان سے زرعی اور خوراک کی مصنوعات کی درآمدات میں اضافہ کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ اقدام ملائیشیا کی اسپیشل نیشنل ایکشن کونسل کے تحت سبسڈی والے خوراک کے سامان کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہے ، جس میں "مدنی رائس" اسکیم کے تحت 100,000 میٹرک ٹن چاول کی خریداری بھی شامل ہے ۔اجلاس میں ٹڈاپ نے ملائیشین وفد کو پاکستانی برآمد کنندگان کے ساتھ بزنس ٹو بزنس روابط کے فروغ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سیکریٹری ٹڈاپ نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے لیے اعلیٰ معیار کی زرعی مصنوعات، خاص طور پر چاول، حلال گوشت، سمندری غذا اور تازہ سبزیوں و پھلوں کی برآمد کی مضبوط صلاحیت رکھتا ہے۔