برطانیہ تجارتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں

برطانیہ تجارتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں

اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا ہے کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ تجارتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے ۔۔

،پاکستان کی معیشت میں بے پناہ امکانات موجود ہیں اور ان سے فائدہ اٹھانے کیلئے ہمیں مشترکہ حکمت عملی اپنانی ہوگی۔یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ (اپری)کے زیر اہتمام ’’پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات: نئے دور کے امکانات‘‘کے موضوع پر سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔جین میریٹ نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کے مختلف پہلوں پر روشنی ڈالی اور ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے مواقع پر بات کی۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے نوجوانوں کیلئے مزید تعلیمی مواقع فراہم کرے گا۔ برطانیہ کے چیوننگ اسکالرشپ پروگرام کو مثال بناتے ہوئے کہا کہ تعلیم ان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں بنیادی کردار ادا کرے گی۔انہوں نے پاکستان میں خواتین کی تعلیم اور معاشی خودمختاری کے لیے برطانیہ کی کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرتی ترقی خواتین کی ترقی کے بغیر ممکن نہیں اور اس ضمن میں برطانیہ پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گا۔انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے بحران پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ برطانیہ پاکستان میں ماحول دوست اقدامات کو سپورٹ کرے گا۔ ماحولیاتی مسائل ہمارے وقت کا سب سے بڑا چیلنج ہیں اور اس میں تعاون ناگزیر ہے ۔ جین میریٹ نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کو ڈیجیٹل معیشت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ میں مدد فراہم کرے گا تاکہ ملک کو نئے معاشی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں