اسٹاک ایکسچینج : 1308 پوائنٹس کی مندی، 224 ارب خسارہ

اسٹاک ایکسچینج : 1308 پوائنٹس کی مندی، 224 ارب خسارہ

کراچی(بزنس ڈیسک)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کو کاروبار کا اختتام منفی زون میں ہوا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 1308 پوائنٹس کی کمی سے 1 لاکھ 14 ہزار 460 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، اس دوران سرمایہ کاروں کو 228 ارب روپے کا خسارہ ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 14583 ارب روپے رہ گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں منگل کواتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا، ایک موقع پر 100 انڈیکس 2 ہزار سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 1 لاکھ 17 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرکے 117,039.17 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، بعدازاں سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کے حصول کی وجہ سے انڈیکس میں ابتدائی تیزی کے اثرات زائل ہوگئے۔ کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای 30 انڈیکس 462 پوائنٹس کی کمی سے 36196 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 1133 پوائنٹس گھٹ کر 72340 پوائنٹس پر بند ہوا۔ بازار میں 1  ارب 25 کروڑ شیئرز کے سودے 62 ارب روپے میں طے ہوئے۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 228 ارب روپے کم ہوکر 14583 ارب روپے رہ گئی۔ مجموعی طور پر 470 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 134 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 297 میں کمی اور39 میں استحکام رہا۔ ورلڈ کال ٹیلی کام 151.92 ملین حصص کے ساتھ سب سے آگے رہی، پاک الیکٹرون 107.50 ملین حصص کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں