ای کامرس مارکیٹ 5 سال میں 176 فیصد بڑھ گئی
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان کی ای کامرس مارکیٹ 5 سال میں 176 فیصد اضافے کیساتھ 4.7 ارب ڈالر پر پہنچ گئی، سال 2029 تک 6.7 بلین ڈالر تک پہنچ جائے گی۔
گوادر پرو کے مطابق پاکستان کا ای کامرس سیکٹر عالمی سطح پر تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ نئی جاری کردہ پاکستان ای کامرس انڈسٹری رپورٹ 2024 کے مطابق، رواں سال ملک کی ای کامرس کی آمدنی 5 بلین ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے اور یہ صنعت 2024 اور 2029 کے درمیان 5.92 فیصد کی کمپانڈ سالانہ ترقی کی شرح کو برقرار رکھے گی۔سال 2029 میں 6.7 بلین امریکی ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے ۔او پے پاکستان کے نائب صدر اورنگ زیب خان جنہوں نے کامیابی کے ساتھ ایک مقامی بی ٹو بی ٹو سی ای کامرس سلوشن شوپلس کو فروغ دیا تھا، انہوں نے گوادر پرو کو بتایا پاکستان کے ای کامرس کے شعبے میں سنہری مواقع موجود ہیں، لیکن موجودہ بی ٹو بی پلیٹ فارم اچھی طرح سے تیار نہیں ہے، خاص طور پر دور دراز علاقوں میں، جہاں بہت سے مقامی تاجروں کو تھوک فروشوں سے سامان خریدنے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ چین کا انتہائی ترقی یافتہ سپلائی چین کا نظام پاکستان کو عملی تجربات کی ایک سیریز فراہم کر سکتا ہے ۔گوادر پرو کے مطابق پاکستان کی آبادی 241 ملین ہے، جن میں سے 64فیصد کی عمریں 30 سال سے کم ہیں، یعنی ڈیموگرافک ڈیوڈنڈ ای کامرس کی ترقی کے لیے ایک بڑا فائدہ ہے۔