ڈالر کی قدر میں کمی، تولہ سونا 800 روپے سستا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت کی جانب سے مختصر دورانیے کے ملٹی لیٹرل و بائی لیٹرل قرضوں کے حصول کے رحجان، اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر کی آمد میں تسلسل سے اضافے اور۔۔۔
بیرونی قرضوں و سود کی ادائیگیوں کے دباؤ میں کمی کے رحجان کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں منگل کو ایک بار پھر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا رہا، ادھر سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 9 پیسے کی کمی سے 278.47 روپے کا ہوگیا۔فاریکس رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 8 پیسے کی کمی سے 279.51 روپے پر آگیا۔ دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 8 ڈالر کی کمی سے 2614 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونا 800 روپے کی کمی سے 272600 روپے اور دس گرام 685 روپے کی کمی سے 233711 روپے پر آگیا۔ چاندی کی فی تولہ قیمت 3350 روپے پر مستحکم رہی۔