امریکا بر آمدی، چین سب سے بڑا در آمدی ملک بن گیا
اسلام آباد(آئی این پی)رواں مالی سال پاکستان کے لیے امریکا سب سے بڑا بر آمدی اور چین سب سے بڑا در آمدی ملک بن گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا کے ساتھ تجارتی توازن پاکستان کے حق میں اور چین کیساتھ خلاف رہا، کیوں کہ جولائی تا نومبر امریکا کے لیے پاکستانی بر آمدات زیادہ اور در آمدات کم رہیں، اسی مدت میں چین کے لیے پاکستانی برآمدات کم اور در آمدات کہیں زیادہ رہیں۔حکومتی ذرائع نے بتایا کہ رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ جولائی سے نومبر 2024 کے دوران پاک امریکا دوطرفہ تجارت کا حجم 3 ارب 5 کروڑ ڈالر رہا، جس میں امریکا کے لیے پاکستانی برآمدات 2 ارب 45 کروڑ ڈالر اور امریکا سے در آمدات کا حجم 59 کروڑ 42 لاکھ ڈالر رہا۔ جولائی تا نومبر پاک چین دو طرفہ تجارت کاحجم 7 ارب 19 کروڑ 41 لاکھ ڈالر رہا، جس میں چین کے لیے پاکستانی برآمدات 1 ارب 12 کروڑ 46 لاکھ ڈالر اور چین سے در آمدات 6 ارب 7 کروڑ ڈالر رہیں۔