غیر قانونی تجارت کے خلاف فوری اقدامات کیے جائیں،فواد خان
کراچی(بزنس رپورٹر)معاشی پالیسی کے تھنک ٹینک مستحکم پاکستان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمباکو سمیت دیگر اشیاء کی غیر قانونی تجارت کے خلاف فوری اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔۔۔
کیونکہ صرف ٹیکس بڑھانے سے نہ تو صحت عامہ کے مقاصد حاصل ہو رہے ہیں اور نہ ہی خزانے کو فائدہ ہورہا ہے ۔ ترجمان فواد خان نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں غیر قانونی سگریٹ مارکیٹ قومی معیشت کو سالانہ 415 ارب روپے کا نقصان پہنچارہی ہے ، قانونی سگریٹ ساز کمپنیاں تمباکو سے حاصل ہونے والے مجموعی ٹیکس کا98 فیصدفراہم کرتی ہیں جبکہ مارکیٹ میں ان کا حصہ صرف 46 فیصد رہ گیا ہے ،بقیہ 54 فیصد مارکیٹ پر غیر قانونی اور بغیر ٹیکس کی مصنوعات قابض ہو چکی ہیں ۔فواد خان نے بتایا کہ غیر قانونی سگریٹ نہ صرف ٹیکس چوری کے ذریعے فروخت کی جارہی ہیں بلکہ ان پرصحت سے متعلق لازمی انتباہات بھی درج نہیں ہوتے جو قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے ،اگر مؤثر نگرانی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو بہتر نہ بنایا گیا تو ٹیکس کا مزید بوجھ صارفین کو بلیک مارکیٹ کی طرف دھکیل سکتا ہے ۔