معاشی ومالی چیلنجز سے اکیلے نمٹا نہیں جاسکتا،گورنراسٹیٹ بینک

 معاشی ومالی چیلنجز سے اکیلے نمٹا نہیں جاسکتا،گورنراسٹیٹ بینک

دنیا میں روابط بڑھ رہے ،علاقائی مارکیٹ کی یکجائی آپشن نہیں ضرورت بن چکی جمیل احمد کا کانفرنس سے خطاب، سرمایہ مارکیٹ کی یکجائی کے پہلوؤں کو اجاگر کیا

کراچی(بزنس رپورٹر)گورنراسٹیٹ بینک جمیل احمد نے زور دیا ہے کہ سرمایہ کاری حاصل کرنے کے قابل مربوط سرمایہ منڈیوں کی تشکیل، لچکداری بڑھانے اور پورے ایشیا میں پائیدار ترقی کو فروغ دینے کیلئے وسیع تر علاقائی تعاون اور جدت طرازی کی ہنگامی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے انٹرنیشنل کیپٹل مارکیٹ کانفرنس 2025ء کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔ جمیل احمد نے تقریب کی میزبانی کرنے اور پورے خطے کے پالیسی سازوں، ضابطہ کاروں اور مارکیٹ کے شرکا کے درمیان اشتراک کے لیے ایک پلیٹ فارم تخلیق کرنے پر ایس ای سی پی کو سراہا ۔ گورنر نے کہا کہ کوئی ملک اکیلا رہ کر آج کے معاشی اور مالی چیلنجوں سے نمٹ نہیں سکتا۔ دنیا میں ممالک کے درمیان روابط بڑھ رہے ہیں، ان حالات میں علاقائی مارکیٹ کی یکجائی آپشن نہیں بلکہ ضرورت بن چکی ہے ۔گورنر جمیل احمد نے اپنے خطاب میں سرمایہ مارکیٹ کی یکجائی کے تین پہلوؤں کو اجاگر کیا: علاقائی یکجائی کیوں اہم ہے ، یہ مقصد مؤثرانداز میں کیسے حاصل کیا جا سکتا ہے اور پاکستان کس طرح کا کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں ہے ۔گورنر نے کہا کہ علاقائی سرمایہ منڈیاں سرمائے کے مؤثر بہاؤ، ہم آہنگ ضوابط اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کی فراہمی ممکن بناتی ہیں۔ بچتوں کی کم شرح رکھنے والی اور خصوصاً ماحولیات اور انفرااسٹرکچر منصوبوں کیلئے بینک فنانسنگ کی محدود استعداد والی معیشتوں کیلئے علاقائی منڈیوں کی یکجائی فنانسنگ کا اہم ذریعہ ثابت ہو سکتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں