اسٹاک ایکسچینج،مندی، 53فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں
877پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 100انڈیکس 168574پربند
کراچی(بزنس رپورٹر)کمپنیوں کی سالانہ ایڈجسٹمنٹس ، پرافٹ ٹیکنگ اور ٹیکنیکل کریکشن اسٹاک مارکیٹ کی جاری تیزی کو بریک لگا گئی۔ بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں ٹریڈنگ کا آغاز 1لاکھ 70 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے ہوا ۔ملک میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت ، آئی ایم ایف کی 1.2 ارب ڈالر کی رقم منتقلی اور سیاسی ہلچل کا خاتمہ 100 انڈیکس کو 849 پوائنٹس اضافے سے یومیہ 1 لاکھ 70 ہزار 301 پوائنٹس کی نفسیاتی حد تک لے گیا، تاہم دوران ٹریڈنگ پرافٹ ٹیکنگ سے جلد ہی 100 انڈیکس 1 لاکھ 70 ہزار اور 1 لاکھ 69 ہزار کی نفسیاتی سطح کو کھو بیٹھا۔
مندی کے سبب 53فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے گزشتہ منافع میں سے 72ارب 14کروڑ 29لاکھ 51ہزار 997روپے کم ہوگئے ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 877 پوائنٹس کی کمی سے 168574پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 285پوائنٹس کی کمی سے 51175پوائنٹس اورآل شیئرز انڈیکس 383پوائنٹس کی کمی سے 102171پوائنٹس پر بند ہوا۔