پاک قطر فیملی تکافل کی ریکارڈ سبسکرپشن کے بعداسٹاک ایکسچینج میں شمولیت
کراچی (بزنس ڈیسک)پاکستان کے اسلامی مالیاتی شعبے میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے پاک قطر فیملی تکافل لمیٹڈپاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شامل ہونے والی پاکستان کی پہلی اور واحد فیملی تکافل کمپنی بن گئی ہے۔
یہ پیش رفت ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او)کے دوران سرمایہ کاروں کے غیر معمولی اور بھرپور اظہارِدلچسپی کے بعد ممکن ہوئی ہے ۔یہ تاریخی کامیابی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے شاندار اعتماد پاک قطر فیملی تکافل لمیٹڈ کی مضبوط مالی بنیادوں، دوراندیش حکمتِ عملی اور شریعہ کے اصولوں کے مطابق اعلیٰ معیار کے عزم کا مظہر ہے ۔ یہ پیش رفت نہ صرف پاک قطر فیملی تکافل لمیٹڈ بلکہ پاکستان کے مجموعی اسلامی مالیاتی خدماتی نظام کے لیے بھی ایک نیا معیار قائم کرتی ہے ۔آئی پی او کے بک بلڈنگ کے مرحلے میں 3.2 گنا اورعوامی سبسکرپشن میں 3.8 گنا زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جو پاک قطر فیملی تکافل لمیٹڈ اور پاکستان کے اسلامی مالیاتی نظام پر سرمایہ کاروں کے مضبوط اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں۔ آئی پی او کے ذریعے 901ملین روپے جمع کیے گئے ، جس میں 29 فیصد پریمیم حاصل ہوا، جو مارکیٹ کے مثبت رجحان اور سرمایہ کاروں کی گہری دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے ۔8200سے زائد سرمایہ کاروں کی شرکت کے ساتھ یہ آئی پی او پاکستان کے انشورنس اور تکافل شعبے میں سرمایہ کاروں کی شمولیت کے اعتبار سے نمایاں ترین پیشکشوں میں شمار ہوتا ہے ۔ اس پیشکش میں ادارہ جاتی سرمایہ کاروں، انشورنس کمپنیوں، فیملی آفسرز، کارپوریٹ سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں انفرادی سرمایہ کاروں نے بھی حصہ لیا۔عارف حبیب لمیٹڈ نے اس سرگرمی میں لیڈ منیجرکے طور پر خدمات انجام دیں اور ابتدائی عوامی پیشکش کے عمل کے انتظام میں مرکزی کردار ادا کیا۔ پاک قطر فیملی تکافل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن کامران سلیم صاحب کا کہنا تھا کہ آئی پی او کی کامیابی اور اس کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں فہرست سازی ایک تاریخی کارنامہ ہے ۔