اسٹاک ایکسچینج:تیزی،55فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں
1478 پوائنٹس کے اضافے سے 100انڈیکس پہلی بار 189166 پربند 34ارب منافع،87کروڑ 75لاکھ 58ہزار 587 حصص کے سودے طے
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں کمی کی توقعات،گردشی قرضوں میں کمی کا پلان، سفارتی و سیاسی صورتحال میں بہتری اور عالمی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے اعلانات کاروباری ہفتے کے آخری روز اسٹاک ایکسچینج کو نئی بلندیوں پر پہنچاگئی۔ دوران ٹریڈنگ اور اختتام پر 100انڈیکس نے سابقہ اپنے تمام ریکارڈز توڑ ڈالے ۔ریکارڈ تیزی سے 55.23 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور حصص کی مالیت 34ارب 23کروڑ 76لاکھ 66ہزار 414روپے بڑھ گئی یعنی سرمایہ کاروں کو ایک روز میں 34 ارب روپے کا منافع حاصل ہوا ۔دوسری جانب دوران ٹریڈنگ ایک موقع پر 1050پوائنٹس کی مندی سے انڈیکس کی 1لاکھ 87ہزار پوائنٹس کی سطح بھی گرگئی تھی لیکن چین کی پاکستان میں 10ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی خبروں سے مندی کے اثرات جلد ہی زائل ہوگئے ۔دن بھر سرمایہ کاروں کی جانب سے آئل اینڈ گیس ، فوڈ ، سیمنٹ اور آٹو شیئرز میں خصوصی دلچسپی کا رجحان نوٹ کیا گیا ۔اختتامی لمحات میں محدود پرافٹ ٹیکنگ سے ریکارڈ تیزی کی مذکورہ شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی ۔ کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 1478 پوائنٹس کے اضافے سے پہلی بار 189166 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا،اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 729پوائنٹس اضافے سے 58207 پوائنٹس ،آل شیئرز انڈیکس 181 پوائنٹس اضافے سے 112809پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 3053 پوائنٹس کے اضافے سے 269497پوائنٹس پر بند ہوا ۔گزشتہ روز 87کروڑ 75لاکھ 58ہزار 587 حصص کے سودے ہوئے ۔