ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ خفیہ رابطے، نیتن یاہو کی نیندیں حرام
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی اخبارنے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ خفیہ رابطے ہوئے ہیں جس کے باعث نیتن یاہو کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں۔
امریکی اخبار نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ ایرانی انٹیلی جنس کا سی آئی اے سے براہ راست رابطہ ہوا، امریکی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایرانی ایجنسی نے تیسرے ملک کے ذریعے سی آئی اے سے رابطے کئے، امریکی اخبار کے مطابق ایجنسیوں نے تنازع کے خاتمے سے متعلق امور بات چیت کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران سے خفیہ بات چیت سے متعلق نیتن یاہو نے وائٹ ہاؤس سے وضاحت طلب کرلی، امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو خدشہ ہے مقاصد حاصل ہونے سے پہلے سیز فائر نہ ہوجائے، ذرائع کے مطابق ایران اور امریکا ممکنہ خفیہ بات چیت سے نیتن یاہو شدید پریشان ہوگئے ہیں۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی انٹیلی جنس نے ایران امریکا خفیہ روابط کی رپورٹس دیں، نیتن یاہو نے پیر کے روز وائٹ ہاؤس سے خفیہ رابطوں سے متعلق وضاحت طلب کی، نیتن یاہو کے خدشات پر ٹرمپ انتظامیہ نے کہا کہ ایسے کوئی رابطے نہیں ہوئے۔
تسنیم نیوز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران نے امریکا سے ممکنہ خفیہ رابطے کی تردید کردی ہے، ایران نے نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کو من گھڑت قرار دے دیا، تسنیم نیوز کا کہنا ہے کہ ایران نے جنگ خاتمے کیلئے کسی سے خفیہ بات چیت کا اشارہ نہیں دیا۔