پی ایس ایل11: راولپنڈیز کا حیدرآباد کنگزمین کو 122 رنز کا ہدف
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے 24 ویں میچ میں راولپنڈیز نے حیدرآباد کنگز مین کو جیت کیلئے 122 رنز کا ہدف دے دیا۔
نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں ہونیوالے میچ میں حیدر آباد کنگز مین نے ٹاس جیت کر راولپنڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے راولپنڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بناسکی، سیم بلنگز 26 اور یاسر خان 24 رنز بناکر نمایاں رہے۔
حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے محمد علی اور حنین شاہ نے 3، 3 جبکہ گلین میکسویل اور آصف محمود نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پی ایس ایل 11 میں آج پنک ڈے منایا جا رہا ہے، دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور آفیشلز پنک کیپ اور پنک ربن لگا کر میدان میں اترے۔
کمنٹیٹرز اور پریزنٹر بھی پنک شرٹس پہن کر بریسٹ کینسر کی آگاہی مہم کا حصہ بن گئے۔
حیدرآباد کنگز مین پوائنٹس ٹیبل پر 4 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے جبکہ راولپنڈیز نے اب تک 5 میچز کھیلے ہیں اور اب تک جیت کی تلاش میں ہے۔
پی ایس ایل 11 میں آج دن کا دوسرا میچ کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پی ایس ایل کے تمام میچز جیو سوپر اور ڈیجیٹل ایپ مائیکو براہ راست نشر کر رہے ہیں۔