ایران ایٹمی ہتھیار نہ بنانے کا اعلان کرچکا، اضافی شرائط قبول نہیں: ایرانی سفیر
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران پہلے ہی دنیا کے سامنے اعلان کر چکا ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیار بنانا نہیں چاہتا اور اس مؤقف کو کسی معاہدے کی شکل دینے کے لیے بھی تیار ہے، تاہم کسی بھی اضافی مطالبات یا شرائط کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں جاری مذاکرات سے متعلق اہم نکات بیان کیے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے دور میں بھی مکمل تیاری موجود تھی اور کسی نتیجے تک پہنچا جا سکتا تھا، تاہم امریکی وفد ماضی کی طرح دو ادوار میں مذاکرات ادھورے چھوڑ کر چلا گیا، اور اس بار بھی یہی طرزِ عمل دہرایا گیا۔
ایرانی سفیر کے مطابق ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شاید امریکہ، بنیامین نیتن یاہو کی اجازت کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کر سکتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران آئندہ مذاکرات کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور اگر سنجیدگی کے ساتھ بات چیت کی جائے تو کسی بھی معاہدے تک پہنچنے کے لیے آمادہ ہے، انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ وہ مذاکرات کے ذریعے حاصل نہیں کر سکے، وہ جنگ کے ذریعے بھی حاصل نہیں کر پائیں گے۔
رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران ماضی میں بھی اس حوالے سے لچک دکھا چکا ہے اور اب بھی تیار ہے، لیکن ضروری ہے کہ تمام پابندیاں ختم کی جائیں اور منجمد اثاثے بحال کیے جائیں، جبکہ مذاکرات میں ایران کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے۔
ایرانی سفیر کے مطابق سید عاصم منیر اس سلسلے میں کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، اور انہی کی کاوشوں کے نتیجے میں آئندہ مذاکرات کی نئی تاریخوں کے حوالے سے پیش رفت متوقع ہے۔