آبنائے ہرمز پر ناکہ بندی برقرار، ڈیل نہ ہوئی تو دوبارہ جنگ کیلئے تیار ہیں: پیٹ ہیگستھ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا ہے کہ اگر ایران نے معاہدہ نہیں کیا تو امریکی افواج دوبارہ جنگی کارروائیاں کرنے کیلئے تیار ہیں۔

پینٹاگون میں جنرل ڈین کین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ ایران کیلئے پیغام ہے، ہم آپ پر نظر رکھے ہوئے ہیں، ایرانیوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہماری اور ان کی صلاحیتوں کا کوئی مقابلہ نہیں، امریکی اب بھی پہلے کی طرح مضبوط ہے۔

امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ ایران کو بتایا کہ ہم جانتے ہیں کہ آپ کون سے فوجی اثاثے منتقل کر رہے ہیں، اپنے فیصلے ایران کو عقلمندی سے کرنا ہوں گے، کسی بھی صورت ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا، مذاکراتی ٹیم ایران کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے، ڈیل نہ ہوئی تو ہماری فورسز جنگ کے لیے تیار ہیں۔

پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ ایران کہتا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کنٹرول کر رہا ہے، لیکن اس کی اپنی کوئی بحریہ نہیں، تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی کنٹرول نہیں، یہ بحری قزاقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی توانائی صنعت مکمل تباہ نہیں ہوئی، امریکی ناکہ بندی سے برآمدات بند ہو رہی ہیں، جب تک ضرورت ہوگی ہم آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی برقرار رکھیں گے، آبنائے ہرمز میں ٹریفک پر امریکی بحریہ کا کنٹرول ہے، امریکا کے پاس طاقتور نیوی ہے، ایران کے پاس نہیں رہی، مجھے امید ہے کہ آپ ایسا معاہدہ کریں گے جو آپ کی پہنچ میں ہو۔ 

ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کو طاقت سے روکا جائے گا: جنرل ڈین کین

مزید برآں امریکا کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی ساحلی پٹی اور بندرگاہوں کی ناکہ بندی کررہے ہیں، سمندری ناکہ بندی ایران جانے والے تمام جہازوں کے لیے ہے، آبنائے ہرمز سے کسی کو گزرنے کی اجازت نہیں، امریکی افواج ایک اشارے پر حملے کے لیے تیار ہے۔

واشنگٹن میں جمعرات کو نیوز بریفنگ کے دوران امریکا کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ان تمام جہازوں پر لاگو ہے جو ایرانی بندرگاہوں میں داخل یا وہاں سے نکل رہے ہیں اور ناکہ بندی کا نفاذ ایران کی علاقائی سمندری حدود کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی پانیوں میں بھی کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پابندی کسی ایک ملک تک محدود نہیں بلکہ تمام جہازوں پر لاگو ہے، چاہے ان کا تعلق کسی بھی ملک سے ہو۔ جنرل ڈین کین کے مطابق امریکی فوج ایران کے خلاف کسی بھی ممکنہ کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور ایران کی مدد کرنے والے کسی بھی جہاز کا بھی تعاقب کیا جائے گا۔

جنرل ڈین کین کا کہنا تھا کہ ایرانی بندرگاہوں کی طرف جانے والے جہازوں کو روکا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر ان کے خلاف کارروائی بھی کی جا سکتی ہے تاہم ابھی تک کسی جہاز کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی، امریکی افواج ایک اشارے پر حملے کے لیے تیار ہے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے مزید کہا کہ بحری ناکہ بندی کا مقصد تیل کی سپلائی روکنا ہے، اب تک 13 جہازوں کو واپس بھیجا جاچکا ہے، ناکہ بندی کے باعث ایران کی برآمدات رک گئی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں