لبنان اور اسرائیل 34 برس بعد آج براہ راست بات ہوگی: ٹرمپ، بیروت کا اظہارِ لاعلمی

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے لیے لبنان اور اسرائیل کے مذکرات آج شروع ہوں گے۔

امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ لبنان اور اسرائیل کےدونوں ممالک کے رہنما 34 برس بعد براہ راست بات چیت کریں گے، دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کے لیے کوشش کررہا ہوں۔

دوسری طرف جنگ بندی مذاکرات کے باوجود لبنان پراسرائیلی حملے جاری ہیں، لبنان میں 24 گھنٹوں میں مزید 43 شہری شہید کر دیئے گئے ہیں۔

جنوبی لبنان کے علاقے بنت جبیل میں حزب اللہ اور اسرائیلی افواج کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں، اسرائیلی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نے علاقے میں بمباری کی۔

لبنانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی افواج نے گرینڈ مارکیٹ کے قریب متعدد گھروں کو بھی مسمار کر دیا، قصبہ تبنین پر بھی اسرائیل نے فضائی حملہ کیا جس میں ہسپتال کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

خیال رہے کہ لبنان پر اسرائیل کے 2مارچ سےجاری حملوں میں شہدا کی تعداد 2167 ہو چکی ہے، اسرائیلی کارروائیوں میں اب تک 7ہزار61شہری زخمی ہوچکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد بے گھر بھی ہو چکے ہیں۔

دوسری طرف لبنانی صدر دفتر نے کہا ہے کہ اسرائیل سے ممکنہ رابطے کے بارے میں علم نہیں۔

یہ بیان ٹرمپ کی سوشل میڈیا پوسٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان ممکنہ گفتگو کا عندیہ دیا گیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں