ناک کی بالی پھیپھڑے میں پھنس گئی، خاتون معجزانہ طور پر بچ گئی
میکسیکو: (ویب ڈیسک) میکسیکو کی 26 سالہ خاتون مونیکا دیانیرا کاربریرا باراجاس ایک عجیب اور خطرناک واقعے کے بعد خبروں کی زینت بن گئی۔
مونیکا تقریباً ایک ماہ تک مسلسل کھانسی میں مبتلا رہی، جس کے بعد اس نے ڈاکٹر سے رجوع کیا، ابتدائی طور پر اسے امید تھی کہ ایک عام ایکسرے سے مسئلہ سامنے آ جائے گا، تاہم نتائج نے اسے حیران کر دیا جب معلوم ہوا کہ اس کے پھیپھڑے میں دھاتی بالی کا ایک ٹکڑا موجود ہے۔
ایک ویڈیو بیان میں مونیکا نے بتایا کہ اسے ابتدا میں یہ بھی معلوم نہیں ہوا کہ اس کی ناک کی بالی غائب ہو چکی ہے، یہاں تک کہ جب اسے اس کی کمی کا احساس ہوا، تو اس نے کبھی یہ نہیں سوچا کہ وہ سانس کے ذریعے اسے اندر کھینچ چکی ہوگی۔
اس کے مطابق سونے کے دوران اس کی ناک کی بالی کی چھوٹی سی بال نکل گئی اور غیر محسوس طریقے سے جسم کے اندر چلی گئی۔
ڈاکٹروں نے بتایا کہ گول دھاتی ٹکڑا اس کی شہ رگ سے صرف 0.5 ملی میٹر کے فاصلے پر تھا، جو انتہائی خطرناک صورتحال تھی، فوری طور پر سرجری کی گئی، مگر 20 منٹ میں مکمل ہونے والی سرجری ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی اور ابتدائی کوششوں میں ڈاکٹر اسے نکالنے میں ناکام رہے کیونکہ وہ ٹکڑا جسم کے اندر چپک چکا تھا۔
بعد ازاں ایک پیچیدہ سرجری کے ذریعے اسے کامیابی سے نکال لیا گیا، ڈاکٹروں کے مطابق مونیکا خوش قسمت رہی کہ اس کی جان بچ گئی، کیونکہ اگر یہ دھاتی ٹکڑا پھیپھڑے یا بڑی خون کی نالی کو نقصان پہنچاتا تو صورتحال جان لیوا ہو سکتی تھی۔
سرجری کے بعد مونیکا نے کہا کہ اگرچہ اسے ناک چھدوانا پسند تھا، لیکن اس خوفناک تجربے کے بعد اب وہ دوبارہ ایسا کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔