پاکستان، برطانیہ کا معدنی شعبے کی ترقی کیلئے بڑا اشتراک، منصوبے کا افتتاح
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور برطانیہ نے معدنی شعبے کی ترقی کیلئے بڑے اشتراک کے ذریعے جیو سائنس تربیتی پروگرام شروع کر دیا۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے مشترکہ طور پر منصوبے کا افتتاح کر دیا۔
یو کے فنڈڈ REMIT پروگرام کے تحت جی ایس پی کی تکنیکی استعداد بڑھانے کیلئے عملی تربیت کا آغاز ہو گیا، برطانوی ہائی کمشنر نے اس موقع پر امن کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی۔
جین میریٹ نے کہا کہ برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر نے برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستان کی امن کوششوں کا شکریہ ادا کیا۔
.jpg)
وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے برطانوی ہائی کمیشن اور ایف سی ڈی او کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق جیو سائنس تربیت اور جدید طریقہ کار متعارف کرائے جائیں گے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ جی ایس پی جیسے اداروں کو مضبوط بنا کر سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کو پرکشش بنایا جائے گا، عالمی سطح پر معدنی وسائل کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان کے پاس غیر معمولی جغرافیائی و معدنی صلاحیت موجود ہے، یہ پروگرام پاکستانی سائنسدانوں کو جدید آلات فراہم کرنے اور ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافہ کرنے میں مدد دے گا۔