پی ایس ایل11:حیدرآباد کنگزمین نے راولپنڈیز کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ سیزن الیون کے 24 ویں میچ میں حیدر آباد کنگز مین نے راولپنڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی، راولپنڈیز 6 میچز کھیلنے کے باوجود تاحال فتح سے محروم ہے۔
حیدرآباد کنگزمین نے 122 رنز کا آسان ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 17ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
حیدر آباد کنگزمین کی جانب سے کپتان مارنس لبوشین، کوشل پریرا اور عرفان خان نیازی نے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔
راولپنڈیز کی جانب سے آصف آفریدی نے دو جبکہ بین سیئرز، محمد عامر اور سعد مسعود نے ایک ایک وکٹ لی۔
قبل ازیں نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں ہونیوالے میچ میں حیدر آباد کنگز مین نے ٹاس جیت کر راولپنڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے راولپنڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بناسکی، سیم بلنگز 26 اور یاسر خان 24 رنز بناکر نمایاں رہے۔
حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے محمد علی اور حنین شاہ نے 3، 3 جبکہ گلین میکسویل اور آصف محمود نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 میں آج پنک ڈے منایا جا رہا ہے، دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور آفیشلز پنک کیپ اور پنک ربن لگا کر میدان میں اترے۔