18 سے 23 اپریل تک ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک کے مختلف حصوں میں 18 سے 23 اپریل تک ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔

این ای او سی کے مطابق بالائی اور وسطی پنجاب میں 18 اور 19 اپریل کے دوران وقفے وقفے سے گرج چمک اور آندھی، طوفان کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور اور ڈیرہ غازی خان سمیت گرد و نواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

جنوبی پنجاب میں زیادہ تر موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم 18، 19 اور 23 اپریل کو چند مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے۔

بلوچستان کے شمالی اور مغربی اضلاع کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلات، تربت، خضدار اور قلعہ سیف اللہ میں 18، 19، 22 اور 23 اپریل کو گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دریاؤں کے حفاظتی بندوں کے سروے کا فیصلہ

گوادر اور ساحلی علاقوں میں 19، 20 اور 23 اپریل کو تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کا امکان جبکہ صوبے کے دیگر علاقوں میں موسم زیادہ تر خشک رہے گا۔

سندھ کے علاقوں خیرپور، سکھر، حیدرآباد، عمرکوٹ، مٹھی، بدین، کراچی اور کیٹی بندر میں 19 اور 20 اپریل کو آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان جبکہ متعدد اضلاع میں دن کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع چترال، دیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، ملاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، پشاور، صوابی اور وزیرستان میں بارش اور آندھی کا امکان، بالائی اور پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر برفباری بھی متوقع ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں استور، گلگت، سکردو، دیامر، غذر، ہنزہ، نگر، مظفرآباد، وادی نیلم، ہٹیاں بالا، باغ، حویلی اور پونچھ میں 18، 19، 22 اور 23 اپریل کو تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

این ای او سی کے مطابق تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں بارشوں کا نیا سلسلہ 16 اپریل سے شروع ہو گا: محکمہ موسمیات

الرٹ میں کہا گیا کہ پہاڑی علاقوں میں برفباری اور بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی صورتحال کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کریں، سیاح شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔

این ای او سی کے مطابق عوام بروقت معلومات کے لیے این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ“پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ”سے رہنمائی لیں، این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں