سونا9ہزار100روپے مہنگا،تولہ چاندی 10ہزارسے متجاوز
تولہ سونا 5لاکھ 15ہزار 662،دس گرام 4لاکھ 41ہزار239پرجاپہنچا
کراچی(بزنس رپورٹر)انٹربینک میں جمعہ کو ڈالر کی قدرگھٹ گئی ،ادھر سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں قیمتی دھاتوں کی قیمتیں تاریخ کی بلند سطح پر جاپہنچی ہیں۔اسٹیٹ بینک کے مطا بق انٹربینک میں ڈالر ایک پیسے کی کمی سے 279.86 روپے پر بند ہوا۔یاد رہے کہ جمعرات کو روپیہ 279.87 پر بند ہوا تھا۔عالمی بلین مارکیٹ میں بدھ کو سونا 94 ڈالر کے بڑے اضافے سے 4923 ڈالر فی اونس کی ریکارڈ سطح پر جاپہنچا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں نمایاں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 9 ہزار 100 روپے کے ہوشربا اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 5 لاکھ 15 ہزار 662 روپے پر جاپہنچا۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی 7 ہزار802 روپے کے بھاری اضافے سے 4 لاکھ 41 ہزار239 روپے ہوگئی۔یاد رہے کہ جمعرات کو سونے کی فی تولہ قیمت 800 روپے کی کمی سے 5 لاکھ 5 ہزار 562 روپے ہوگئی تھی۔ دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 372 روپے کے اضافے سے پہلی بار 10 ہزار کی بلند سطح عبور کرتے ہوئے 10 ہزار 275 روپے پر جاپہنچی۔