کاروبار کرنے کی لاگت علاقائی ممالک سے 34فیصد زیادہ ،بزنس فورم
مہنگی بجلی وگیس اور ٹیکسزنے صنعتوں کی بقا خطرے میں ڈال دی، چوہدری احمد جواد
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان بزنس فورم کے چیف آرگنائزر چوہدری احمد جواد نے کہاکہ پاکستان میں کاروبار کرنے کی لاگت علاقائی ممالک کے مقابلے میں 34 فیصد زیادہ ہو چکی ہے جس کے باعث ملکی صنعت شدید مسابقتی بحران کا شکار ہے۔احمد جواد نے بتایا کہ غیر معقول ٹیکس پالیسیوں، بجلی اور گیس کی بلند قیمتوں اور کرنسی میں عدم استحکام کے باعث پاکستانی برآمدکنندگان بنگلہ دیش، بھارت اور ویتنام جیسے ممالک کا مقابلہ کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر کئی شعبوں میں تجارتی بحالی کے باوجود پاکستان کی برآمدات 2022 سے جمود کا شکار ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں پاکستانی کاروبار کیلئے نہ صرف برآمدات بڑھانا بلکہ بقا بھی بڑا چیلنج بن چکا ہے ،پاکستان کو فوری ٹیکس نظام کو معقول بنانا،صنعتی صارفین کیلئے توانائی کی قیمتیں کم کرنا اور روپے کے استحکام کیلئے واضح پالیسی اپنانا ہوگی۔