اسٹیٹ بینک کابینکنگ اور مالیاتی شعبے کیلئے اہم سہولت کا اعلان
بیرونِ ملک معاوضوں پرنرمی، فارن ایکسچینج ڈپارٹمنٹ کا سرکلر جاری
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک نے بینکنگ اور مالیاتی شعبے کیلئے ایک اہم سہولت کا اعلان کرتے ہوئے بیرونِ ملک مقیم ڈائریکٹرز، چیئرمین، شریعہ ایڈوائزرز اورشریعہ اسکالرز کو دیے جانے والے معاوضوں، میٹنگ فیس اور دیگر واجبات کی ادائیگی کے طریقہ کار میں نمایاں نرمی کر دی ہے ۔اس حوالے سے اسٹیٹ بینک کے زیرِ نگرانی فارن ایکسچینج ڈپارٹمنٹ نے باقاعدہ سرکلر جاری کر دیا ہے ۔ سرکلر کے مطابق اب اسٹیٹ بینک کے ریگولیٹڈ ادارے بیرونِ ملک مقیم نان ریزیڈنٹ ڈائریکٹرز، چیئرمین، شریعہ ایڈوائزرز اور شریعہ اسکالرز کو ان کے معاوضے ، میٹنگ فیس اور دیگر منظور شدہ واجبات اسٹیٹ بینک کے فارن ایکسچینج ڈپارٹمنٹ سے پیشگی اجازت حاصل کیے بغیر بیرونِ ملک منتقل کر سکیں گے ،اس اقدام کامقصد بینکنگ سیکٹر میں ادائیگیوں کے عمل کو آسان، شفاف اور بروقت بنانا ہے ۔اسٹیٹ بینک کے مطابق نئی سہولت کے تحت مجاز ڈیلرز کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ ضروری دستاویزات کی تکمیل کے بعد براہِ راست رقوم کی ترسیل کر سکیں گے۔