اسٹاک مارکیٹ رواں ہفتے شدید مندی کی لپیٹ میں رہی
مجموعی اشاریے نمایاں دباؤ کاشکار ، 757 ارب نقصان سے سرمایہ کاربے چین مجموعی 6ہزار 439پوائنٹس کمی، انڈیکس کی3.6فیصد تنزلی، سرمایہ کاری کا انخلا
کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رواں ہفتے شدید مندی رہی جسکے باعث سرمایہ کاروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا اور مارکیٹ کے مجموعی اشاریے نمایاں دباؤ کا شکار رہے، ہفتے کے دوران 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 6 ہزار 439 پوائنٹس کی بڑی کمی ہوئی، 19 فروری کو مارکیٹ میں سال کی سب سے بڑی یومیہ مندی ریکارڈ کی گئی، جب انڈیکس ایک ہی دن 6 ہزار 683 پوائنٹس تک گر گیا، جس سے سرمایہ کاروں میں شدید بے چینی دیکھی گئی۔ ہفتہ وار بنیاد پر انڈیکس کی بلند ترین سطح 1 لاکھ 79 ہزار 696 پوائنٹس رہی جبکہ کم ترین سطح 1 لاکھ 69 ہزار 592 پوائنٹس رہی۔ ماہرین کے مطابق حالیہ مندی کی لہر کے پیچھے معاشی و مالیاتی غیر یقینی صورتحال، منافع خوری کا رجحان اور بعض بڑے شیئرز میں فروخت کا دباؤ شامل ہوسکتا ہے، جس سے سرمایہ کاروں کا محتاط رویہ ہے، ہفتے بھر مقامی و بیرونی سرمایہ کاری کا انخلا دیکھا گیا اور اسکی بنیادی وجوہات امریکا ایران کشیدگی، بلو چپ کمپنیوں کے مایوس کن نتائج، تجارتی خسارے کا دباؤ، امن کی خراب صورتحال اور بھاری لیورج ادائیگیاں ہیں، ہفتے بھر بینکنگ ، آئل اینڈ گیس ، فارما ، کیمیکل ، انشورنس کمپنیوں کے شیئرز کی مسلسل آف لوڈنگ رہی۔