شہر میں بڑھتے آتشزدگی واقعات پر تاجر برادری کا اظہار تشویش
کاروباری مراکز میں گیس لیکج بڑے حادثے کا پیش خیمہ ہوسکتی، انجمن تاجران بروقت رسپانس نہ ملنا لمحۂ فکریہ، ادارے فوری کارروائی کریں، اسماعیل لالپوریہ
کراچی(کامرس رپورٹر)کراچی میں گیس لیکج کے واقعات اور آتشزدگی حادثات پر تاجر برادری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی ترجمان محمد اسماعیل لالپوریہ نے بیان میں کہا کہ رہائشی وتجارتی عمارتوں، بالخصوص پلازوں اور گنجان آباد کاروباری مراکز میں گیس لیکج کے واقعات خطرناک حد تک بڑھ چکے، جو بڑے سانحے کا سبب بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیس کمپنی کو لیکج کی سینکڑوں شکایات درج کرائی جا چکی ہیں، تاہم کمپنی سے بروقت رسپانس نہ ملنا لمحۂ فکریہ ہے۔ ترجمان انجمن تاجران نے خبردار کیا کہ گیس لیکج کے باعث لگنے والی آگ نہ صرف اربوں روپے کے تجارتی نقصان کا باعث بن رہی ہے ، بلکہ قیمتی انسانی جانیں بھی خطرے میں ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ شہر میں بچھائی گئی گیس لائنوں کا بڑا حصہ کئی دہائیوں پرانا اور بوسیدہ ہوچکا ہے جس کی فوری مرمت یا مکمل تبدیلی ناگزیر ہوچکی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کیخلاف انکوائری کی جائے اورحفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے ، محمد اسماعیل لالپوریہ نے واضح کیا کہ اگر آئندہ 72 گھنٹوں میں مؤثر ایکشن نہ ہوا تو احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔