مقامی کاٹن مارکیٹ میں روئی کے بھاؤ میں مجموعی طورپر استحکام

مقامی کاٹن مارکیٹ میں روئی کے بھاؤ میں مجموعی طورپر استحکام

کاٹن ایکسچینج بلڈنگ سیل ہونے سے 12دسمبر سے ریٹ جاری نہیں کئے جارہے

کراچی (این این آئی)مقامی کاٹن مارکیٹ میں ٹیکسٹائل ملز کی جانب سے کوالٹی کاٹن کی خریداری میں دلچسپی کی وجہ روئی کے بھاؤ میں مجموعی استحکام رہا، مارکیٹ میں کوالٹی کاٹن کی دن بدن کمی ہوتی جارہی ہے ۔ دوسری جانب کئی جنرز کے پاس کوالٹی کاٹن کا اسٹاک موجود ہے ، وہ اونچے دام مانگ رہے ہیں، علاوہ ازیں دو بڑے ٹریڈرز بھی کاٹن فروخت کر رہے ہیں، بہرحال مارکیٹ میں کاروباری حجم پہلے کی نسبت بہتر ہو رہا ہے گو کہ ماہ رمضان المبارک کی وجہ سے کاروباری دلچسپی کم ہوتی جا رہی ہے ۔ علاوہ ازیں پنجاب کے زرعی شعبے نے اس سال 7 لاکھ ایکڑ پر اگتی کاٹن کاشت کرنے کا پروگرام مرتب کیا ہے ۔ بہر حال ٹیکسٹائل سیکٹر ہنوز زبوں حالی کا شکار ہے ، اپٹما گاہے بگاہے شکایات کرتا رہتا ہے لیکن ان کی شکایت پر دھیان نہیں دیا جاتا جس سے ٹیکسٹائل ملز کے حالات جوں کے توں ہیں۔ سندھ و پنجاب میں کوالٹی کاٹن کے بھا ؤمیں کوالٹی اور پیمنٹ کنڈیشن کے حساب سے 15300 تا 16800 روپے چل رہا ہے ۔ کاٹن ایکسچینج بلڈنگ سیل ہونے سے 12 دسمبر سے ڈیلی کاٹن اسپاٹ ریٹ جاری نہیں کیا جا رہا۔کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ بین الاقوامی کاٹن کے وعدے کے بھا ؤمیں تیزی رہی۔ نیویارک کاٹن کے وعدے کا بھاؤ فی پانڈ 64.00 تا 69.00 امریکن سینٹ چل رہا ہے۔ امریکی ڈالر ہفتہ وار برآمدی اور فروخت رپورٹ کے مطابق 4 لاکھ 66 ہزار 300 گانٹھوں کی فروخت ہوئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں