رمضان میں مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں، لاہور چیمبر
لاہور (این این آئی)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی مہنگائی میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدس مہینے کے شروع ہوتے ہی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہا ہے ۔۔۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے جاری اعداد و شمار کے مطابق قیمتوں میں 1.16 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا، جو اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ رمضان سے قبل ہی مہنگائی کا دباؤ بڑھنا شروع ہوا، حالانکہ اس مہینے میں قیمتوں میں استحکام آنا چاہیے تھا۔سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ اور نائب صدر خرم لودھی نے کہا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر، بجلی کے چارجز، پھل، سبزیاں، پیٹرول، ایل پی جی، سمیت متعدد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ، جس سے عام آدمی کی قوت خرید مزید متاثر ہوئی ہے۔