بجلی کی ماہانہ پیداوار ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)جنوری 2026 کے دوران بجلی کی پیداوار ریکارڈ 9,140 گیگا واٹ آور تک پہنچ گئی جو کہ ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ ماہانہ پیداوار ہے ۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق اس اضافے کی وجہ بجلی کے کم ٹیرف، صنعتی صارفین کی جانب سے اضافی کھپت اور کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی بڑھنے کے باعث صنعتی صارفین کا نیشنل گرڈ پر منتقل ہونا تھا۔ خاص بات یہ ہے کہ حکومت نے صنعتی ترقی کو فروغ دینے کیلئے سال 2025 کے آخر میں انکریمنٹل کنزمپشن پیکیج (اضافی کھپت کے رعایتی پیکیج)کی منظوری دی تھی۔ترجمان پاور ڈویژن نے دسمبر 2025 اور جنوری 2026 کیلئے 3سالہ طویل مدتی صنعتی رعایتی پیکیج کے اعداد و شمار اور مجموعی جائزہ جاری کیا۔سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ان دو مہینوں کے دوران 127,686 صنعتی صارفین اس پیکیج سے مستفید ہوئے جنہیں مجموعی طور پر 12.125 ارب روپے کا ریلیف ملا۔