ٹیکس حکام کو اضافی اختیارات دینے پر کاٹی کا اظہار تشویش

ٹیکس حکام کو اضافی اختیارات دینے پر کاٹی کا اظہار تشویش

بغیر عدالتی اجازت چھاپوں سے کاروباری ماحول متاثر ہوگا، اکرام راجپوت

کراچی(آئی این پی)کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر محمد اکرام راجپوت نے وفاقی آئینی عدالت کی جانب سے ٹیکس دہندگان کے خلاف بغیر کیس چھاپوں کو غیر قانونی قرار دینے کی دلیل مسترد کیے جانے اور ٹیکس حکام کو اضافی اختیارات دیے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے اختیارات کے تحت ٹیکس افسران کو بغیر عدالتی اجازت کسی بھی وقت کاروباری مقامات پر چھاپہ مارنے ، کمپیوٹر، دستاویزات اور اکاؤنٹس تحویل میں لینے کی اجازت ملنے سے کاروباری برادری میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ اس نوعیت کے غیر معمولی اور غیر متوازن اختیارات کاروباری خودمختاری میں براہ راست مداخلت کے مترادف ہیں جس سے کمرشل سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ اکرام راجپوت نے کہا کہ کاروباری ڈھانچہ پہلے ہی بڑھتے ہوئے اخراجات اور مالی دباؤ کا شکار ہے ، ایسے اقدامات سے نہ صرف کاروباری ماحول غیر یقینی کا شکار ہوگا بلکہ بدعنوانی کے امکانات میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غیر ضروری اختیارات کے استعمال سے رشوت ستانی اور ہراسانی جیسے مسائل جنم لے سکتے ہیں جو سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کے لیے نقصان دہ ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں