شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،سائٹ صنعتکار

 شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،سائٹ صنعتکار

کراچی(بزنس رپورٹر)سائٹ صنعتی ایریا کے صنعتکاروں نے حال ہی میں بنوں ضلع میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوراج سے لڑتے ہوئے اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گلفراز شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری میں تعزیتی اجلاس منعقد کیا

جس میں صنعتکاروں نے کہا کہ ہمارے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی اور دشمنوں کو ہر محاذ پر بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گلفراز 92 ونگ رینجرز کے سابق ونگ کمانڈر تھے جو سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے دفتر کے قریب واقع ہے۔ اجلاس میں ونگ کمانڈر 63 ونگ رینجرز لیفٹیننٹ کرنل ہارون سرفراز،سائٹ کے سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا، سرپرست سلیم پاریکھ، صدرعبدالرحمان فُدا، سابق صدر احمد عظیم علوی، کامران عربی، انور عزیز، عبدالہادی، محمد ریاض ڈیڈھی، عبدالرشید، سلیم ناگریا، حنیف توکل اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے بھی شرکت کی۔ زبیر موتی والا نے تجویز دی کہ افواج پاکستان کے شہداء کے لواحقین کیلئے خصوصی فنڈز قائم کیے جانے چاہیے ، اس مقصد کیلئے انہوں نے صنعتکار برادری سے تعاون کی درخواست کی تاکہ شہداء کے لواحقین کا خیال رکھا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو افواج پاکستان کی قربانیوں کا شکر گزار ہونا چاہیے کیونکہ وہ ممالک جو مضبوط فوج نہیں رکھتے وہ اب باقی نہیں رہے ۔ انہوں نے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گلفراز شہید کے کام کرنے کے انداز اور قیادت کی مہارتوں کو سراہا۔صدر سائٹ عبدالرحمان فُدا نے لیفٹیننٹ کرنل شاہزادہ گلفزارشہید کی 92 ونگ رینجرز کے ونگ کمانڈر کے طور پر سائٹ ایریا میں خدمات کی تعریف کی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں